جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام مہنگائی، آٹا بحران و بجلی وگیس لوڈشیڈنگ کے خلاف صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا

پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام مہنگائی، آٹا بحران و بجلی وگیس لوڈشیڈنگ کے خلاف صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ جس میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ تاجر برادری، وکلا، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھیں تھے اور شدید نعرہ بازی کررہے تھے۔ پلے کارڈزپر صوبائی اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، جماعت اسلامی پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ، سابق صوبائی وزرا حافظ حشمت خان، کاشف اعظم چشتی اور دیگر ذمہ داران کررہے تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی اور وفاقی حکومت سفید پوش عوام اورہماری  باپردہ خواتین کو آٹے خریدنے کے لیے قطاروں پر مجبور کیا۔عوام ہاتھوں میں پیسے اٹھائے پھیر رہے ہیں لیکن آٹا ناپید ہوچکا ہے اور جو مل رہا ہے وہ غریب عوام کے دسترس سے باہر ہیں۔

مقررین نے کہاکہ بجلی اور گیس صوبہ خیبرپختونخوا کی پیدوارہے اگر پنجاب ہمیں آٹا سستا داموں پر نہیں دیتی تو پنجاب پر بجلی اور گیس بند کرنا چاہیے، نو سال تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا اور پنجاب میں حکومت ہے، انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم والے کس منہ سے احتجاج کررہے ہیں، جمعیت علما اسلام ف، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی مکس اچار حکومت میں ہے عوام کو ریلیف نہیں دے سکے۔ گیس نہیں ہے، سی این جی سٹیشن بند ہوچکی ہیں، بجلی لوڈشیڈنگ زوروں پرہے۔ یہ لوگ احتجاجی مظاہروں کے زریعے اپنی سیاست چمکاناچاہتے ہیں لیکن عوام اب ان کے فریب میں نہیں آئینگے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام اس مقام تک پہنچیں گے کہ پنجاب کا بنا ہوا مال افغانستان نہیں پہنچنے دینگے۔ ہم اس کو رو کیں گے، ہم موٹروے اور اٹک پل کو بند کرینگے۔جب آٹا نہیں آئیگا تو اور کوئی اور مصنوعات بھی نہیں آنے دینگے۔ انہوں نے وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ اگر پانچ دن کے اندر خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمت کم نہ ہوئی اور ذ خیرہ اندوسوں کے خلاف ایکشن نہیں لیا گیا تو ہم وزیر اعلی ہاوس، گورنر ہاوس، اسمبلی سیکرٹریٹ کا گھیرا وکرینگے۔ آج ہم جھنڈوں کے ساتھ آئے ہیں اور اگر مہنگائی کی یہی صورتحال رہی تو عوام ڈنڈوں کے ساتھ سڑکوں پر نکلے گی  اورپھر  حکمرانوں کے بس میں نہیں ہونگے اور حکمرانوں کے محلات محفوظ نہیں ہونگے۔

ہم اسلام آباد تک جائینگے اور حکمرانوں کا گھیراو کرینگے جب ہمارے بچے بھوکے ہونگے ہم حکمرانوں کے بچوں کے منہ نولہ چھین کے رہینگے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے حق کے لیے اب جماعت اسلامی میدان نکل چکی ہیں،آج پشاور سے اس تحریک کا آغاز ہوچکا ہے اور انشا اللہ پورے صوبے میں ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز پر مظاہرے اور دھرنے دیئے جائینگے۔ مظاہرسے سراج الدین قریشی،  حمد اللہ جان بڈھنی، افتخاراحمد، طارق متین، شیر شاہ، فاروق خلیل نے بھی خطاب کیا۔