اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ترقی و عوام دشمن جماعت کی چار سالہ مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ہزارہ الیکٹرک کمپنی اور 1320میگا واٹ توانائی کے شنگھائی الیکٹرک منصوبوں سمیت میگا ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف نے ان منصوبوں کی تکمیل اور ترقی کے د ئیے دوبارہ روشن کردیئے ہیں جس سے نہ صرف ہزارہ بلکہ پورے ملک میں روشنی پھیلے گی، ہزارہ ڈویژن پن بجلی کا مرکز اوربھاشا ، داسو اور سکی کناری سے پیدا ہونے والی ہزاروں میگا واٹ پن بجلی کا دروازہ بھی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں محنت ، ولولے اور جذبے سے ملک کی مٹی کو سنواریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ الیکٹرک کمپنی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہزارہ الیکٹرک کمپنی کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ 2018 سے 2022کے درمیان ترقی دشمن ایک جماعت نے دیا بجا دیا تھا ، وزیراعظم شہباز شریف نے وہ ترقی کا سفر اور دیا دوبارہ روشن کردیا ہے جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس دیے کی روشنی نہ صرف ہزارہ بلکہ پورے ملک میں پھیل رہی ہے اور ہزارہ الیکٹرک کمپنی ہو یا دیگر ترقیاتی منصوبے ، ترقی کا آغاز ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی الیکٹرک 1320میگا واٹ کا منصوبہ جس نے اپنے ملکی کوئلے سے پیداوار دینا تھی بدقسمتی سے اسے بھی بند کردیا اور چار سالہ مجرمانہ غفلت بھرتی گئی اور اب وزیراعظم محمد شہباز شریف آئندہ چند ہفتوں میں اس کا بھی افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف دو مثالیں ہیں
۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ہری پور، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، بٹگرام، تورغر، کوہستان اپر، کوہستان لوئر اور کولس پالس کی آنے والی نسلوں کو وزیراعظم نے یہ پیغام دے دیا ہے کہ یہ ملک ترقی کرے گااور آگے بڑھے گا۔خرم دستگیر نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن اس وقت پن بجلی کا مرکز ہے اور آئندہ آنے والی ہزاروں میگا واٹ توانائی کا دروازہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پن بجلی کی ٹرانسمیشن کا انتظام بھی کررہے ہیں چند ہفتے پہلے سکی کناری میں ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کیا ہے جو انتہائی مشکل حالات میں پہاڑوں میں بن رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ چند ہفتوں میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مانسہرہ میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑے اور تکنیکی طور پر مشکل ترین 765 کے وی گرڈ سٹیشن کا بھی سنگ بنیاد رکھنے جارہے ہیں ، یہ منصوبہ بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق بننے جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم اس قابل ہوئے ہیں کہ اہم منصوبے آگے لے کر جا رہے ہیں ، ہزارہ کے عوام کو ہزارہ الیکٹرک کمپنی کی مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے مشکل ترین حالات اور استقلال سے نئی صبح و شام پیدا کردی ہے جس کی اقبال نے نصیحت کی تھی ، ہزارہ الیکٹرک کمپنی اس کی ایک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیم کا حصہ ہیں اور محنت ، ولولے اور جذبے سے اس مٹی کو سنواریں گے ۔۔۔