پشاور(صباح نیوز)مسلسل22سالوں تک جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر کے عہدے پر فائز رہنے والی ممتاز سیاسی شخصیت قاضی حسین احمد مرحوم کی 10ویں برسی گزشتہ روز منائی گئی ۔قاضی حسین احمد 12جنوری1938ء کو قاضی عبد الرب کے یہاں کاکاصاحب نوشہرہ میں پیدا ہوئے ۔پیشہ کے اعتبار سے معلم قاضی حسین احمد نے ایم ایس سی جغرافیہ کر رکھا تھا ۔
انہوں نے جہانزیب کالج سوات میں تین سالوں تک تدریسی فرائض بھی انجام دیئے ۔قاضی حسین احمد جن کے دو بیٹے اور دو ہی بیٹیاں ہیں انہوں نے دور طالب علمی ہی سے اسلامی جمعیت طلبہ میں شمولیت اختیار کی ۔وہ امیر جماعت اسلامی پشاور بھی رہے جبکہ بعد ازاں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور امیر کے طور پر بھی فرائض انجام دیئے ۔قاضی حسین احمد 1978ء میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری بنے اور انہوں نے میاں محمد طفیل کے ساتھ بھی خدمات انجام دیں جبکہ 1987ء میں وہ امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہوئے اور 2009ء تک اسی عہدے پر فائز رہے ۔
قاضی حسین احمد آخری مرتبہ 2002ء میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جب وہ متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر تھے جبکہ بعد ازاں وہ ایم ایم اے کے سربراہ بھی بنے ۔انہوں نے بطور سینیٹر بھی خدمات انجام دیں۔وہ علالت کے بعد6جنوری2013ء کو انتقال کر گئے جب ان کی عمر74سال تھی ۔قاضی حسین احمد مرحوم کی 10ویں برسی کے موقع پر پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں سمیت کارکنان کی جانب سے ختم قرآن پاک کا اہتمام کیا گیا جس میں مرحوم کے بلند درجات کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی ۔