پشاور(صبا ح نیوز) الیکشن ٹریبونل نے تحریک انصاف کے سینیٹ امیدوار شوکت ترین پر اعتراضات مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدوار اور مشیر خزانہ شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کو مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں سماعت ہوئی۔ اے این پی کے امیدوار شوکت امیرزادہ کے وکیل نے ٹریبونل کو بتایا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے پر ووٹر لسٹ منجمد ہو جاتی ہے، شوکت ترین کا ووٹ الیکٹورل رول میں درج نہیں، شوکت ترین کے پی سے سینیٹ الیکشن نہیں لڑسکتے۔
شوکت ترین کے وکیل کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے لئے الیکشن کمیشن کا ووٹ سرٹیفکیٹ ہی کافی ہوتا ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے دلائل کے بعد اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو آج سنائے جانے کا امکان ہے۔