اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ ن لیگ احتساب سے بچنے کیلئے ہرپستی تک جائے گی ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر)صفدر کا یہ بیان کہ اتنی گندی ویڈیو ریلیز ہونے والی ہیں کے دیکھنے کے بعد عرق گلاب سے آنکھیں دھونی پڑنی ہیں، ایک افسوسناک،اقدار کی پستی کی طرف گامزن ن لیگ کی اصل شکل ہے۔کیپٹن (ر)صفدر لگاتار گندی وڈیوز مارکیٹ میں لانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
ن لیگ احتساب سے بچنے کے لئے ہر پستی تک جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف مریم بی بی درس دیتی ہیں کہ ان کی ذاتی زندگی پر کوئی بیان بازی نہ ہو اور ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے اور دوسری طرف لوگوں کی ذاتی زندگیوں کی ویڈیو بڑے فخر سے پریس کانفرنس میں پیش کرتی ہیں اور صفدر صاحب لوگوں کی باتھ رومز کی گندی ویڈیوز لا رہے ہیں۔