برسلز(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،اپنی ہم منصب صوفی ولمس کی دعوت پر دورہ بیلجیئم مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہوگئے،برسلز انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر بیلجیئم میں تعینات پاکستانی سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ اور پاکستانی سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا،وزیر خارجہ نے اپنے مختصر دورے کے دوران بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ صوفی ولمس سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا،جس میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، سائنسی، تعلیمی اور زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور شامل تھے،وزیر خارجہ کی بیلجیئم کے کسی وزیر خارجہ کے ساتھ یہ ملاقات دس سال کے طویل وقفے کے بعد ہوئی،وزیر خارجہ نے برسلز میں واقع نیٹو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل “جینز اسٹولٹن برگ” کے ساتھ ملاقات کی،اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی روایت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برسلز میں یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ و نائب صدر جوزف بوریل کے ہمراہ” پاک –
ای یو اسٹریٹیجک مذاکرات” کے چھٹے دور کی مشترکہ صدارت کی،دونوں شخصیات نے مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے، پاک ای یو اسٹریٹیجک مذاکرات کی نوعیت اور تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا،وزیر خارجہ نے بیلجیئم اور یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کے وفد سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دو طرفہ تعلقات اور یورپی یونین کے ساتھ ہونیوالے اسٹریٹیجک مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا،وزیر خارجہ نے برسلز میں مقیم صحافیوں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور انہیں دورہ بیلجیئم کے اغراض و مقاصد اور مختلف شخصیات کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا،توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ مختصر دورہ بیلجیئم آئندہ آنے والے وقتوں میں دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کریگا۔