سرکاری ملازمین گورننس ، خدمات کی فراہمی بہتر بنانے پر توجہ دیں ، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرکاری ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ گورننس ، خدمات کی فراہمی بہتر بنانے پر توجہ دیں ، بہتر کارکردگی اور گورننس کیلئے آئی ٹی کی مدد سے تیزی سے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے 115ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکا سے ایوان صدر میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین گورننس ، خدمات کی فراہمی بہتر بنانے پر توجہ دیں ، بہتر کارکردگی اور گورننس کیلئے آئی ٹی کی مدد سے تیزی سے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے ،عوام کی سرکاری ملازمین سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوششیں کریں ،جدید علوم کے ساتھ کورس کے شرکا کے درمیان اعتماد اور تعاون کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جدید ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذرائع کا استعمال حکومت کی کارکردگی بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئی ٹی سیکٹر میں ملکی برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، خواتین کی مالی خودمختاری ، وراثت میں ان کے حق کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششیں جا ری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کو با ہنر بنانے اور انکی مالی شمولیت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، ای کامرس کے فروغ کیلئے ایمیزون کی مدد سے تربیت فراہم کرنے کا حکومتی فیصلہ خوش آئند ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ بڑھتی ہوئی آبادی ملکی وسائل پر بہت زیادہ دبا ئو ڈال رہی ہے ، بڑھتی ہوئی آبادی کے مضمرات بارے آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کا تعاون ضروری ہے ،میڈیا اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے صحت کے مختلف چیلنجز بارے آگاہی کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت نے شرکا کو پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن، ایوان صدر میں ای گورننس کے بارے میں آگاہ کیا، ریکٹر این ایس پی پی ڈاکٹر اعجاز منیر نے کورس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہاکہ سول ملازمین کی تربیت کو نظم و نسق کی جدید ضروریات کے تناظر میں تبدیل کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ این ایس پی پی نے اقوام متحدہ کے محکمہ اقتصادیات و سماجی امور کے ساتھ تعاون بڑھایا ہے اورسرکاری ملازمین کی ذہنیت تبدیل کرنے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے انہیں تربیت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔