گورنر پنجاب سے احسن اقبال کی ملاقات ،سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال


لاہور(صباح نیوز)گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمان سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے والوں کو انشا اللہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے ریکارڈ قرضے لے کر ملک کو معاشی بحران کی طرف دھکیلا، اتحادی حکومت ملکی معیشت سمیت تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لئے بھر پور کوششیں کررہی ہے۔

بلیغ الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے اپنے ادوار میں متعدد عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے جنہیں نظر انداز کردیا گیا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ طلبا کو میرٹ پر لیپ ٹاپس، نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ٹیکنکل ایجوکیشن کے اداروں کا قیام، اعلی تعلیم کے لیے ہائر ایجوکیشن کو ریکارڈ فنڈنگ، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پہلی ویمن یونیورسٹی کا قیام اور اس کے بعد متعدد یونیورسٹیوں کا قیام مسلم لیگ(ن)کے ادوار میں لایا گیا، انشا اللہ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا آئینی حکمنامہ وقت کی ضرورت تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب بھی انتشار کی سیاست کرکے ملک کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے، اتحادی حکومت کسی سیاسی نہیں بلکہ عوامی مفاد کے لئے حکومت میں آئی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ انتشار کی سیاست کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں، پی ٹی آئی نے ملک میں مایوسی پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کوئی کام نہیں کیا۔