ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر خیبرپختونخواسابق سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی سابق جنرل پرویز مشرف کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ‘موجودہ حکمران دہشتگردی پر قابو پانے میں مکمل ناکام ثابت ہوئے ہیں’ حکمران جنرل (ر)پرویز مشرف کی پالیسیوں پر چل رہے ہیں ‘حکمرانوں کو دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے اپنی پالیسیاں بدلنا ہوگی ‘ پالیسیوں کی تبدیلی کے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔
ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے ڈیرہ کے دورہ کے موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما عبدالرشید گنڈہ پور کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ضلعی امیر جماعت اسلامی مولانا سلیم اللہ ارشد ‘ جنرل سیکرٹری بشیر ہرگن ‘ عبدالرشید گنڈہ پور اور دیگر بھی وموجود تھے ۔
بعد ازاں انہوں نے سابق ممبر قومی اسمبلی سردار عمر فاروق خان میاں خیل مرحوم کی فاتحہ خوانی کیلئے ان کی رہائشگاہ ”میاں خیل ہاؤس ‘ ‘ پر جاکر تعزیت کا اظہار کیا ‘ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر سردار ثناء اللہ میاںخیل ‘ سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار فتح اللہ خان میاں خیل ‘ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سردار قیضار خان میاںخیل ‘ تحصیل میئر تحصیل درابن احسان اللہ خان میا ں خیل موجود تھے ۔
پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ سردار عمرفاروق خان میاں خیل کی علاقہ اور عوام کیلئے خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے ہمیشہ علاقہ اور عوام کی خدمت کی ہے ۔ جماعت اسلامی قبل از وقت انتخابات کے خلاف ہے ‘ پی ڈی ایم نے عدم اعتماد کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کو ہٹایا لیکن موجودہ حکمرانوں نے بھی غلط راستہ اختیار کیا ہوا ہے ، ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ گئی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سود کے خاتمے کے حوالے سے جھوٹ بول رہے ہیں جوکہہ رہے ہیں اس عمل نہیں کررہے ‘ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ نیک اور صالح قیادت جو جماعت اسلامی کے پاس موجود ہے ملک میں صرف جماعت اسلامی ہی اسلام کا عادلانہ نظام رائج کرسکتی ہے ‘ قوم ووٹ کااستعمال کرکے جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائے۔