کراچی (صباح نیوز) وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ گیس کی قلت پر ایم کیو ایم کی آواز نہیں نکلتی،گیس کی قلت کے باعث لوگ ناشتہ نہیں بناسکتے،بچے سکول جانے سے قاصر ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی اور حیدرآباد کی ٹھیکیدار بنی ہوئی ہے، کراچی کے لوگوں کیلئے بجلی مہنگی کر دی گئی، سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، مہنگائی کے بجائے بلدیاتی آرڈیننس بل کیخلاف احتجاج ہو رہا ہے، سندھ پاکستان میں سب سے زیادہ گیس پیدا کر رہا ہے، یہی صورتحال رہی تو پتھروں اور لکڑیوں کا زمانہ آ جائے گا، عوامی مسائل پر ایم کیو ایم کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلتا، بجلی مہنگی ہونے سے کراچی والوں پر سوا 7 ارب کا بوجھ پڑے گا، لوگوں کو دھوکا دینے کی سیاست ختم ہونی چاہئے، ایم کیو ایم ڈرامے بازی کیلئے بیان دیتی ہے کہ وزارت چھوڑ دیں گے۔