اپٹما کی30دسمبر سے ملزبند کرنے کی خبروں کی تردید


اسلام آباد(صباح نیوز)ملک میں ٹیکسٹائل ملز کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے 30دسمبر سے ملیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر 30 دسمبر سے صنعتیں بند کرنے کا پراپیگنڈا بے بنیاد ہے۔

اپٹما نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کو خط کے ذریعے ٹیکسٹائل سیکٹر کی حالت زار سے آگاہ کیا ہے اور زمینی حقائق، آپریشنل رکاوٹوں اور چیلنجز کی نشاندہی کی گئی۔

ٹیکسٹائل ملز کی نمائندہ تنظیم نے کہا کہ ہم نے خط میں حکومت سے درخواست کی تھی کہ برآمدی شعبے پر توجہ دی جائے۔اپٹما نے ملک میں صنعتیں بند کرنے کی اطلاعات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری انڈسٹری شٹ ڈائون کرنا تباہ کن اور غیر ذمہ دارانہ ہوگا، سٹیک ہولڈرز مل کر ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے کردار ادا کریں۔