وزیراعظم کا دورہ سی ایم ایچ،بنوں آپریشن میں زخمی ہونے والے افسروں اور جوانوں کی عیادت کی،حوصلے کو سراہا

راولپنڈی(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ۔ وزیراعظم نے بنوں سی ٹی ڈی کمپلیکس آپریشن میں زخمی ہونے والے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں سی ٹی ڈی کمپلیکس آپریشن میں زخمی ہونے والے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی ۔

وزیراعظم نے سی ٹی  ڈی کمپلیکس بنوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے والے جوانوں کے حوصلے کو سراہا اور  کہا کہ شہدا اور ان کے خاندانوں نے پاکستانی عوام کی سلامتی اور سیکیورٹی کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف  نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی ہر صورت خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔ پائیدار اور دیرپا امن کے حصول کے لیے دہشت گردوں  اور ان کے ہمدردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑیں گے۔  وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو ہر قیمت پر قائم کیا جائے گا۔افواج اور عوام کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والے امن کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔