پارٹی فنڈنگ کیس،الیکشن کمیشن سے ن لیگ ،پی پی ،جے یو آئی کی اسکروٹنی رپورٹ طلب


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پارٹی فنڈنگ کیس میں  الیکشن کمیشن سے مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور اور جمعیت علماء اسلام (ف) کی اسکروٹنی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے پارٹی فنڈز کی الیکشن کمیشن سے جلد تحقیقات کرانے کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سے اب تک ان جماعتوں کے خلاف ہونے والی کارروائی کی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل انورمنصور خان کی جانب سے کیس کی جلد سماعت کی تاریخ مقرر کرنے کی استدعا مستردکردی۔

پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی الیکشن کمیشن سے جلد تحقیقات کی درخواست پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے دائر کی ہے۔ پٹیشنر کی جانب سے بیرسٹر انور منصور خان نے عدالت میں پیش ہو کر کہا کہ الیکشن کمیشن نے صرف پی آٹی آئی کی اسکروٹنی مکمل کی، دیگر سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی زیرا لتوا ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ آپ کی یہی استدعا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کی اسکروٹنی بھی جلد ہو؟

پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے کہا کہ ہماری اس سے کچھ بڑھ کر استدعا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ چیزوں کو جتنا سادہ رکھیں گے اتنا بہتر ہو گا۔ وکیل انور منصور خان نے کہا کہ اس میں کوئی مختصر تاریخ دے دیں۔

عدالت کا کہنا ہے کہ سماعت فروری 2023کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیتے ہیں، آگے موسم سرما کی چھٹیاں بھی آ رہی ہیں۔ وکیل کے اصرار پر کیس کی مزید سماعت جنوری 2023کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔