پی سی بی کے معاملات چلانے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کی سربراہی میں 14 رکنی کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے معاملات چلانے کیلیے وزیراعظم شہباز شریف نے 14 رکنی کمیٹی بنادی۔وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی ہوں گے، یہ کمیٹی 120 دن تک پی سی بی کے معاملات چلائے گی۔

کمیٹی کے نام کابینہ کے سامنے پیش کیے جائیں گے، جس کے قیام کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔وزیراعظم کی تشکیل دی گئی کمیٹی میں شکیل شیخ، گل زادہ، نعمان بٹ، ہارون رشید، ثنا میر، تنویر احمد، گل محمد کاکڑ اور ایاز بٹ شامل ہیں۔ کمیٹی میں شاہد خان آفریدی، شفقت رانا، مصطفی رمدے اور چوہدری عارف سعید کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی کے ناموں کی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جبکہ کمیٹی کا کام پی سی بی کے 2014 کے آین کی بحالی ہوگا۔ واضح رہے کہ پی سی بی کے نئے آئین کے تحت وزیراعظم کے پاس چیئرمین کو ہٹانے کا اختیار نہیں، یہ اختیار ایگزیکٹو بورڈ میں چلا گیا ہے۔