اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ مستقبل میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام پوسٹ مون سون سیزن 2022 سے متعلق جائزہ کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔کانفرنس میں مختلف وفاقی و صوبائی محکموں نے حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو ، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے دوران درپیش مسائل و چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل سے متلعق اپنی تجاویز و سفارشات سے فورم کو آگاہ کیا۔
حالیہ مون سون بارشوں کے اثرات اور جائزہ سے متعلق نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں منعقدہ قومی کانفرنس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی۔قومی فلڈ کمیشن ، محکمہ موسمیات ، سپارکو، پاکستان ریلویز ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی،صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے کانفرنس میں شرکت کی۔
کانفرنس میں حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے دوران پیش آنے والے چیلنجز، مسائل اور ان کے ممکنہ حل کا جائزہ لیا گیا۔متعلقہ وفاقی اداروں اور چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور ریسکیو 1122 نے سیلاب نے حالیہ سیلاب کی وجوہات اور مستقبل میں اس صورتحال سے بچنے کے لیے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں چیئرمین این ڈی ایم لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے اور ملک و قوم کو مزید جانی و مالی نقصانات سے بچانے پر تمام سول و عسکری ادارے تحسین کے مستحق ہیں ۔انھوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ ملک کے تمام ادارے کسی بھی قدرتی آفت میں ہنگامی ردعمل کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں تاہم ہمیں مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کی بھی ضرورت ہ