سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل نارکوٹکس کنٹرول کے وفد کا کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ


اسلام آباد(صباح نیوز)سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل نارکوٹکس کنٹرول کے وفد نے کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

سعودی وفد کی قیادت میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے کی جو کہ ڈائریکٹر جنرل نارکوٹکس کنٹرول سعودی عرب کے عہدہ پر فائز ہیں۔

وفد نے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمد چدھڑ سے باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام پر دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ نیز مسافروں کی قبل از وقت معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

دونوں اطراف سے شریک ارکان نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے دونوں ممالک کے درمیان موثر اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

مزید براں دونوں ممالک کے درمیان کرنسی کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کیلئے خفیہ معلومات کے تبادلے پر اتفاق ہوا۔

ڈی جی فیض احمد چدھڑ نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کو روکنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ا نہوں نے وفد کو بتایا کہ منشیات کے سمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون جاری ہے۔ اس حوالے سے سعودی وفد نے حال ہی میں کوئٹہ میں کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن پر ڈائریکٹر جنرل فیض احمد چدھڑ کی تعریف کی۔

سعودی وفد نے پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس کی منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کو سراہا۔