اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح ایونیو فلائی اوور پراجیکٹ کو آئندہ ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف ایٹ جناح ایونیو انٹرچینج اور ایف ٹین رانڈ آباٹ پراجیکٹس کا دورہ کیا، محسن نقوی نے جناح ایونیو انٹرچینج فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور دونوں منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے احکامات دیئے۔محسن نقوی نے ایف ایٹ جناح ایونیو انٹرچینج اور ایف ٹین رائونڈ آباٹ منصوبوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور دونوں منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا، وزیر داخلہ نے منصوبوں کے اطراف شجرکاری اور ہارٹیکلچر کے کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ فروری کے دوسرے ہفتے تک فلائی اوور کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، سپیڈ کے ساتھ معیار کو ہرصورت برقرار رکھا جائے، تعمیراتی کاموں کے ساتھ پراجیکٹس کے اطراف بیوٹیفکیشن کا کام جاری رکھا جائے، ہر حال میں تعمیراتی کاموں کے اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملے گی، شہریوں کو آمدورفت میں بہت سہولت ملے گی، سگنل فری کوریڈور پر سفر سے وقت اور ایندھن کی بچت ہو گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا ، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، نیسپاک کے متعلقہ حکام اور اعلی افسران بھی اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔