اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ شمسی توانائی کے انقلاب سے توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔سینیٹر شیری رحمن نے سولر کانفرنس میں خطاب میں کہا ہے کہ سولر توانائی سے معاشی ترقی اور ماحول دوست توانائی کے حصول کا وقت آ گیا ہے، حکومت سولر توانائی پر سرمایہ کاری کرے تو یہ بحران کا حل ہو سکتا ہے، حکومت کو پالیسی کی حمایت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ شمسی توانائی کے انقلاب سے توانائی کے بحران پر تیزی سے قابو پایا جا سکتا ہے،
سولر توانائی میں سرمایہ کاری سے پاکستان توانائی کے ذرائع میں خود کفیل ہو سکتا ہے۔ شیری رحمن نے کہا کہ مہنگی بجلی نہ ملنے پر عوام کا رجحان سولر انرجی کی طرف بڑھ رہا ہے، چینی شمسی پینلز کی قیمتوں میں 90 فیصد کمی نے سستا اور قابلِ اعتماد متبادل فراہم کیا ہے۔پی پی کی سینیٹر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سولر توانائی کیاستعمال سے ماحول کی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان 2030 تک 60 فیصد قابلِ تجدید توانائی کا ہدف رکھتا ہے، سولر انقلاب نے پاکستان کو عالمی سطح پر قابلِ تجدید توانائی کی طرف منتقل کیا ہے۔