حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے،بیگم ثمینہ عارف علوی


لاہور(صباح نیوز)خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے،خصوصی افراد کو دنیا بھر میں مختلف مسائل کا سامنا ہے، دلی خوشی ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر خصوصی افراد کی بحالی کے لیے ا پنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سوشل ویلفیئر کے تعاون سے ادارہ نشیمن میں مشعل راہ فائونڈیشن کے پراجیکٹ مسکن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ معذوری ایک عالمی مسئلہ ہے جبکہ خصوصی افراد کو دنیا بھر میں مسائل کا سامنا ہے،ہمیں ایسے افراد کو یہ احساس دلانا چاہیئے کہ وہ ہم سب سے کسی طرح بھی کم نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو اللہ تعالی نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے،حکومت خصوصی افراد کی بہتری کیلئے کوشاں ہے جبکہ پبلک پارٹنرشپ کے تحت مختلف ادارے و تنظیمیں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں،ہم سب کو مل کر ان افراد کو معاشرے میں عزت دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) کا خصوصی افراد کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردارہے،تمام شعبوں میں معذور افراد کوہرطرح کی سہولیات کی دستیابی نا گزیر ہے۔

بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ حکومت معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے تمام اداروں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ معذور افراد اور بچوں کو اس حوالے سے آگاہی دیں کہ وہ خود کو رجسٹرڈ کروائیں،اس سلسلے میں تمام محکموں کی آپس میں بہترین کوآرڈینیشن ہونی چاہیے تاکہ معذور افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔خاتون اول نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانے کے لئے پبلک پارٹنرشپ کے تحت سکیمیں بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں تا کہ ان کا احساس محرومی ختم ہو اور انہیں مساوی حقوق مل سکیں۔قبل ازیں خاتون اول نے ادارہ نشیمن کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ان کے کاموں کو سراہا۔

مقامی تنظیم مشعل راہ کی چیئرپرسن آمنہ آفتاب نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے ان کا ادارہ عملی اقدامات اٹھا رہا ہے،ادارہ ہمیشہ سے سماجی ذمہ داریاں نبھانے کی اپنی روایت جاری رکھے ہوئے ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر محمد احمد،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر لاہور ڈویژن مبشر جاوید،ڈائریکٹر پروگرام سوشل ویلفیئر زیب النسا اور انچارج نشیمن ڈپٹی ڈائریکٹر وجیہہ حسن موجود تھے۔