ملک کے سیاسی اور معاشی مسائل کا حل اسلام میں ہے،پروفیسر محمد ابراہیم خان


پشاور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور نواز و شہباز شریف میں کوئی فرق نہیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ہی ملک کو لوٹا ہے۔ عمران خان نے مدینہ کی ریاست بنانے کے دعوے کیے لیکن پاکستان کو مدینہ کی ریاست نہ بنا سکے۔ یہ اقتدار کی جنگ ہے۔مولانا فضل الرحمن کو بتانا چاہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دے کر دنیاوی فائدہ تو مل سکتا ہے لیکن اخروی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ پاکستان شریعت کے نظام کے لیے قائم کیا گیا تھا لیکن اب بھی انگریز کا نظام رائج ہے۔ علما نے مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان سے فرنگی قوانین کا خاتمہ کرکے اسلامی قوانین نافذ کی جائیں لیکن آج تک اس مطالبے کو پورا نہیں کیا گیا۔ ملک کے سیاسی اور معاشی مسائل کا حل اسلام میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ المرکزالاسلامی سردار آباد سرائے گمبیلا میں جماعت اسلامی ضلع لکی مروت کے نومنتخب زونل و مقامی امرا اور جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع لکی مروت کے امیر حاجی عزیز اللہ خان مروت، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد اسماعیل، نائب امیر عبد الصمد خان اور سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل عرفان اللہ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سب جماعتوں کو آزما لیا۔ سب کی اصلیت معلوم ہوچکی ہے۔ جماعت اسلامی اب اپنے نشان، جھنڈے اور قیادت کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے لوگوں کو اسمبلیوں میں پہنچائیں گے جو نیک، صالح اور دیانتدار ہوں۔ ایسے لوگ ہی ملک کا نظام اور حالت بدل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، قوم فقیر نہیں ہے لیکن حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے قوم فقیر بنی ہوئی ہے۔ قوم کا خزانہ چند افراد کے لیے نہیں ہے۔ خزانہ قوم پر خرچ ہوا تو بہت سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلامی نظام کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان کو عدل و انصاف اور امانت و دیانت کی بنیاد پر فلاح اور خوشحالی کا نظام دینے کے لیے عوام جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں۔