قمبر(صباح نیوز)اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ قمبر شہداد کوٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر اعظم سواتی کو قمبر میں جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈ سول جج کے سامنے پیش کیا گیا۔قمبر پولیس کی جانب سے متنازع ٹوئٹس کیس میں اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔قمبر کی عدالت کے گرد سکیورٹی انتہائی سخت کی گئی ۔ تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور تحریک انصاف کے وکلا بھی عدالت کے باہر موجود تھے۔
سینیٹر اعظم سواتی کی عدالت پیشی کے دوران عدالت کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اعظم سواتی پر جھوٹے مقدمات داخل کئے گئے ہیں،فوری رہا کیا جائے۔