اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ و وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کوئی معاشرہ انسانی حقوق کی پامالیوں کو برداشت نہیں کرسکتا۔انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی مہذب ، انصاف پسند اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرپاکستانی قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ نا صرف دوسرے کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کریں بلکہ انہیں یقینی بنانے میں ہر ممکن اپنا کردار ادا کریں۔
اس دن کے موقع پر میں خواجہ سرا کمیونٹی کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کے فیصلے کو سراہتا ہوں جو اس محروم طبقہ کی بحالی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک پروگرام کا آغاز کر رہا ہے جس کے تحت پروگرام میں شامل ہونے سے محروم لوگ اپنا ڈیٹا اپ ڈیٹ کروا کر اس پروگرام میں شامل ہوسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے پہلے بھی کام کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی اس کا احترام جاری رکھے گی۔