زرعی شعبے میں انقلاب کیلئے پاکستان اور امریکا کی جامعات کی شراکت داری انتہائی اہم ہے،مسعودخان


واشنگٹن(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں انقلاب کے لیے پاکستان اور امریکا کی جامعات کی شراکت داری انتہائی اہم ہے، پاک امریکہ تعلقات کے حالیہ مثبت رجحان نے زرعی شعبے میں پاک امریکہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان مسعود خان نے میری لینڈ یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیائی علوم کے سربراہ پروفیسر میتھیو ہینسن سے ملاقات کے دوران کیا۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ دونوں ممالک کی زرعی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کے ممکنہ شعبوں میں تعاون اور موسمی تغیر اور ماحولیاتی تبدیلی سے مزاحم بیجوں کو متعارف کروا کر زرعی پیداوار کو بہتر بنانے کے لئے درکار اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔سفیر پاکستان نے جی ایم او (جنیاتی طور پر تبدیل شدہ حیاتیات)کے ساتھ ساتھ خوراک اور نقدی فصلوں پر مزید تحقیق کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مسعود خان نے پروفیسر ہینسن سے درخواست کی کہ وہ پاکستان میں جدید طریقوں سے فصلوں کی نگرانی پر تحقیق کرنے کے لئے یونیورسٹیوں کے مابین شراکت داری میں معاونت کریں۔

پروفیسر ہینسن نے کہا کہ امریکہ کے محکمہ زراعت کی مالی اعانت سے ”گلوبل ایگریکلچرل مانیٹرنگ  پروجیکٹ” کے تحت یونیورسٹی آف میری لینڈ نے ریموٹ سینسنگ کے ذریعے فصلوں کا تخمینہ لگانے کے حوالے سے پاکستانی شماریات دانوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے تکنیکی مدد فراہم کی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت، یونیورسٹی آف میری لینڈ نے گندم کی پیداوار کا تخمینہ لگانے کے لئے تحقیق کا آغاز کیااور اس کے بعد متعلقہ پاکستانی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ بھی کیا گیا۔

پروفیسر ہینسن نے کہا کہ وہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد کے ساتھ رابطے میں ہیں اور دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

پروفیسر ہینسن نے بتایا کہ وہ جنوری 2023 میں اپنے دورہ پاکستان کے دوران اس حوالے سے تفصیل سے غور کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے پروفیسر ہینسن کی حمایت اور قابل قدر شراکت داری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یونیورسٹی آف میری لینڈ کے ساتھ پاکستان کی یونیورسٹیوں کے درمیان روابط استوار کرنے میں حکومت پاکستان کی جانب سے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔