اسلام آباد پولیس نے سپریم کورٹ کے حکم پر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی ایف آئی آر درج کر لی

اسلام آباد(صباح نیوز)معروف سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ارشد شریف کی میڈیکل رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے آج رات تک قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے دیئے گئے حکم کے بعد صحافی ارشد شریف قتل کیس کی ایف آئی آر اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں 3 افراد کو نامزد کیا گیا جن میں وقار احمد ولد افضل احمد، خرم احمد ولد افضال احمد اور طارق احمد وصی ولد محمد وصی کے نام شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ارشد شریف قتل کیس کی ایف آئی آر پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔

قبل ازیں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے ارشدشریف قتل کیس کے ازخود نوٹس پر سماعت کی تھی اورآج بروز منگل کو ہی قتل کیس کامقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ پاکستان کے نامور صحافی ارشد شریف کو 24اکتوبرکو کینیا میں گاڑی میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا،  پاکستان میں خبر آئی تو تمام اداروں سمیت سیاسی جماعتوں نے ارشد شریف کے گھرکا رخ کیا، جہاں ان کے جسد خاکی فوری پاکستان لانے کیلئے مطالبات سامنے آئے ۔ وزارت خارجہ کے ذریعے 48 گھنٹے کے بعد  25 اکتوبرکی رات ارشد شریف کی میت اسلام آبا د پہنچائی گئی ۔

ان کی اہلیہ اور والدہ نے جسد خاکی وصول کیا ، ارشد شریف کی میت  نجی اسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی ،حکومت کی جانب سے  26 اکتوبر کو ارشد شریف کے پوسٹمارٹم کیلئے پمز اسپتال کا 8 رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا، جس نے اسلام آباد پولیس کی زیرنگرانی پوسٹمارٹم کیا ۔ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے ارشد شریف کی میت اسلام آباد پولیس کی موجودگی میں ان کے اہلخانہ کے حوالے کی ،، جس کے بعد 27 اکتوبر کو انکی نمازجنازہ فیصل مسجد کے احاطے میں ادا کی گئی ۔۔ بعد ازاں انہیں ای الیون کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔

ارشد شریف کے قتل پروزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کمیٹی تشکیل دی ۔  وزارت داخلہ نے معاملے کی تحقیقات کیلئے دو رکنی انکوئری کمیٹی تشکیل دی ،  تحقیقاتی کمیٹی وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد 29 اکتوبر کو کینیا گئی ۔  جہاں پر انہوں نے ارشد شریف کے قتل سے متعلق شواہد اور بیان قلمبند کئے ۔  نو دن قیام کے بعد کمیٹی وطن واپس پہنچی اورکمیٹی نے دبئی میں بھی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے تحقیقات کیں ۔ جس کے بعد کمیٹی نے اپنی تحقیقات پرمشتمل رپورٹ سیکرٹری داخلہ کو پیش کی ۔سیکرٹری داخلہ آج بروز بدھ کو رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرینگے