پاکستان اور اوکلوہامہ میں بہترنیٹ ورکنگ سے تجارت کو کئی گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے،مسعود خان


واشنگٹن(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکی ریاست اوکلوہامہ میں موجودہ 70ملین ڈالر کی دو طرفہ تجارت موجود استعداد سے انتہائی کم ہے اور اسے نجی شعبے کے درمیان بہتر نیٹ ورکنگ اور روابط کے ذریعے کئی گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ کان کنی، آئل اینڈ گیس،  معدنیات نکالنے کی صنعت، زراعت، توانائی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ جیسے شعبے مضبوط اور باہمی طور پر منفعت بخش شراکت داری کے قیام کے لئے ٹھوس بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

اوکلوہامہ سٹی کے سالانہ عشائیے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ اوکلوہامہ کے گورنر کا وژن اور حکومت پاکستان کی ترجیحات دونوں فریقین کو معاشی شعبے میں قدرتی حلیف بناتی ہیں۔

اس موقع پر اوکلوہامہ کے گورنر جان کیون سٹٹ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

تقریب میں امریکی حکام، کاروباری افراد، مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے اوکلوہامہ کے گورنر کیون سٹٹ کی قائدانہ صلاحیتوں اور ان کے وژن کو سراہا کہ جس کی بدولت اوکلوہامہ کا شمار بہتر نظام حکومت، نوکریوں کے مواقع، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے اعتبار سے امریکہ کی دس سر فہرست ریاستوں میں ہوتا ہے۔ اوکلوہامہ کی تعمیر و ترقی میں ریاست میں مقیم پانچ ہزار پاکستانیوں اور ان کے اوکلوہامہ کے ساتھ منسلک دیگر ریاستوں میں مقیم دو لاکھ بیس ہزار پاکستانیوں کے مضبوط نیٹ ورک کا ذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ پاکستانی اوکلوہامہ کی ترقی کے سفر میں اہم شراکت دار ہیں۔

انہوں نے خاص طور پر ریاست اوکلوہامہ میں مقیم تین سو کے لگ بھگ پاکستانی ڈاکٹروں کی خدمات کا ذکر کیا اور ان کی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ اوکلوہامہ کی کاروباری برادری اور ریاست میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ ہیلتھ کیئر، میڈیکل بلنگ، تشخیص اور ادویات جیسے اہم شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جہاں بروقت اور منافع بخش سرمایہ کاری کی جا کتی ہے۔

قبل ازیں ریاست اوکلوہامہ کے گورنر جان کیون سٹٹ سے ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے پاکستان اور اوکلوہامہ کے مابین معاشی شراکت داری کو مضبوط بنانے خصوصا کلین انرجی جیسے ترجیحی شعبہ جات کے حوالے سے مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی۔

سفیر پاکستان نے حالیہ سیلاب سے نمٹنے کے حوالے سے امریکہ انتظامیہ اور امریکی عوام کی جانب سے امداد کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں ا مریکی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے معاونت پاک امریکہ مضبوط تعلقات کی آئینہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے بعد تعمیر نو اور آباد کاری کے مراحل نے اوکلوہامہ کے سرمایہ داروں اور کاروباری برادری کے لئے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیداا کئے ہیں جن کی بدولت وہ نہ صرف پاکستان کی  بائیس کروڑ کی مارکیٹ بلکہ سنٹرل ایشیا، مغربی ایشیاء  اور افریقہ کی مارکیٹ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ گورنر جان کیون سٹٹ نے ریاست اوکلوہامہ کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی ڈاکٹروں اور دیگر پیشوں سے منسلک ماہرین کی خدمات کو سراہا۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے گورنر اوکلوہامہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو کہ انہوں نے بخوشی قبول کی۔