پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ملک کو دیوالیہ پن کے قریب پہنچادیا،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ملک کو دیوالیہ پن کے قریب پہنچادیا ہے۔معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے میثاق معیشت کرنا ہوگا۔ وسائل سے مالامال پاکستان حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلوں، کاغذی اقدامات او ر دکھاوے کے طرز عمل سے مسائلستان کا منظر پیش کررہا ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام آئے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور فیصل آباد میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردی بڑھنے کے ساتھ ہی عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے آمدن کے ذرائع نا پیداور اخراجات میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ موجودہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں انتقامی سیاست کی جارہی ہے۔ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی ، جب تک وہ آئین و قانون کی تابعداری نہیں کرتی۔ غریب کے لیے اور قانون اور امیر کے لیے اور قانون کا تاثر ختم ہونا چاہیے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ  ملک میں احتساب کا عمل بلا تفریق ہونا چاہیے ۔ چاہے کوئی بھی شخص ہو، اگر اس کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس چل رہا ہے تو اس کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے۔اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا بد ترین فعل ہے ۔ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی باتیں کرنے والوں کو چاہئے کہ اپنی پارٹیوں کے اندر بھی جمہوریت کوقائم کریں۔ان پارٹیوں میں کلیدی عہدوں پر موروثیت ہی نظر آتی ہے ۔