مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین کی سابق صدر، سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید وفات پاگئیں،نماز جنازہ کل ادا کی جائیگی


راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین کی سابق صدر، سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید78 برس کی عمر میں وفات پاگئیں، مرحومہ کی نماز جنازہ کل بعدنماز ظہر راولپنڈی میں ان کی رہائش 877، ایف بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب  اقصی مسجد  میں ادا کی جائے گی، ایصال ثواب کے لئے رسم قل اور اجتماعی دعا پیر کو ظہر کی نماز کے بعد اقصی مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں ہوگی۔

وہ رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بڑی بہن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ تھیں۔ بیگم نجمہ حمید گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھیں۔ وہ گزشتہ شب راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں وفات پائیں۔ بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مرکزی راہنما اور راولپنڈی میں پارٹی کی پہچان تھیں۔ وہ مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین کی صدر بھی رہیں۔ اس کے علاوہ دو بار سینیٹ آف پاکستان کی رکن بھی رہیں۔

پارٹی کے شعبہ خواتین کی طویل ترین عرصہ تک صدر رہنے کا بھی اعزاز انہیں حاصل رہا ۔ 2011 میں ان کے مستعفی ہونے کے بعدسے یہ عہدہ خالی رہااور پارٹی نے کسی اور کو صدر شعبہ خواتین مقرر نہیں کیا۔ بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد محمد نوازشریف اور ان کی اہلیہ کے انتہائی قریب تھیں۔

محمد نوازشریف کی گرفتاری اور پرویز مشرف کے دور میں بیگم کلثوم کی سیاسی جدوجہد میں وہ ان کی دست راست اور نمایاں رہنماؤں میں سرفہرست تھیں۔راولپنڈی میں بیگم نجمہ حمید کا گھر مسلم لیگ کا سیاسی قلعہ بنا رہا اور بیگم کلثوم ان کی رہائش گاہ پر نظر بند رہیں ۔

بیگم نجمہ حمید 18 مارچ 1944میں ملتان میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ پیدائشی مسلم لیگی تھیں، پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی اہلیہ بیگم رعنا لیاقت علی خان اور بیگم فیروز خان نون کے ساتھ وہ مسلم لیگ کے لئے خدمات انجام دیتی رہیں۔

انہوں نے تمام عمر پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ بسر کی۔ ان کی سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں واقع رہائش گاہ پر بیگم کلثوم نظربند رہیں۔ بیگم نجمہ حمید کا گھر ہمیشہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہا۔ وہ ایک بہادر اور ذہین سیاسی راہنما کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ مرحومہ نے سوگواران میں تین بیٹے چھوڑے ہیں۔