اسلام آباد(صباح نیوز)تنزانیہ سوشل ایکشن فنڈ کا تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن کا دورہ ،وفد نے وفاقی وزیر شازیہ مری سے ملاقات کی۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فاقی وزیر و چیئر پرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری نے تنزانیہ کے وفد سے ملاقات کی، تنزانیہ سوشل ایکشن فنڈ کا وفد پاکستان میں پانچ روزہ دورہے پر ہے۔
شازیہ مری نے وفد کے ارکان کو پاکستان کے سوشل پروٹیکشن کے مختلف پروگراموں سے آگاہ کیا۔ وفد کے ارکان نے بی آئی ایس پی کے بہترین اور موثر ادائیگیوں کے نظام کی تعریف کی۔ وفد کے ارکان نے پاکستان کے نشوونما اور کفالت پروگراموں کو خاص طور پر سراہا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بی آئی ایس پی اور تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے مختلف اقدامات کے ذریعے خواتین کو معاشی طور بااختیار بنایا جارہا ہے، پاکستان تنزانیہ کو سماجی تحفظ کے شعبہ میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنا چاہتا ہے۔
شازیہ مری نے عالمی بنک کا اس دورہ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔شازیہ مری نے کہا کہ دوطرفہ دورہ جات سماجی تحفظ کے شعبہ کو موثر بننے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ شازیہ مری نے وفد کے ارکان کو اجرک اور سوونئر پیش کیے۔ تنزانیہ سوشل ایکشن فنڈ وفد کا مقصد پاکستان میں سماجی تحفظ پروگراموں بالخصوص بی آئی ایس پی کے تجربات سے سیکھنا ہے۔