قادیانیوں کی طرف سے قرآن پاک میں تحریف کرنا قابل مذمت ،حکومت ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ضلع چنیوٹ کے علاقے چناب نگر میں قادیانیوں کی طرف سے قرآن پاک میں تحریف اور غلط ترجمہ شائع کرکے اس کو بیرون ممالک میں بھجوانا گھناونا و قبیح فعل ہے ۔قادیانیوں کی طرف سے عقیدہ ختم نبوت ۖ کے بعد تحفظ و حرمت قرآن پر حملہ ہے ۔ضلعی انتظامیہ ، مرکزی و صوبائی حکومت کی آگاہی کے باوجود ان شرپسندوں کے خلاف کارروائی نہ کرنا قابل مذمت امر ہے۔پنجاب حکومت فی الفور اس کا نوٹس لے اور ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام معاشی بد حالی کی بنیادی وجہ ہے۔ ملک میں غیر یقینی کی صورتحال کے باعث بڑے سرمایہ کار پاکستان آنے سے گھبراتے ہیں۔ رہی سہی کسر سود پر مبنی پالیسیوں نے پوری کردی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سود کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ قوم ان کا ساتھ دے گی۔ نجی بینک اور مالیاتی ادارے سود سے متعلق اپیلیں واپس لیں اور ایسی پالیسیاں ترتیب دی جائیں جو سودی نظام سے پاک ہوں۔ سو د اللہ اور اسکے رسول ۖ کے خلاف کھلم کھلا جنگ کے مترادف ہے۔ بلاسود بینکاری سے عوام کی زندگی میں خوشحالی آئے گی اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی ہے۔ عوام کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔ لوگوں کو دو وقت کی روٹی کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پڑتی ہیں۔ پاکستان کا مالیاتی خسارہ 809ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔ معیشت میں استحکام کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو گیس کی بندش کے فیصلے سے ہزاروں مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔ ملک بھر میں تین لاکھ سے زائد چھوٹے کارخانے بند ہیں۔ حکومتی گورننس کی حالت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ ایک ماہ قبل کسانوں کے لیے جس پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا اس کا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں ہوسکتا ۔ کاشتکار سراپا احتجاج اور سڑکوں پر ہیں۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جاسکتا ہو۔