اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے نصاب کے لئے آئینہ عمرانیات کتاب پر فوری پابندی عائد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس معاملے کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرنے کا حکم دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ اس کتاب میں اسلامی اصولوں پر نشترزنی کی گئی ، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس کتاب پر پابندی عائد کی جائے اور اس کو شائع کرنے اور کرانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس کتاب پر فی الفور پابندی عائد کی جائے اور شائع کرنے اور کرانے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے ۔ انہوں نے اس معاملے کو اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ کمیٹی کے سپرد بھی کردیا۔