کراچی(صباح نیوز)نجی میڈیا گروپ کے صدر اور معروف سینئرصحافی عمران اسلم 70 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
عمران اسلم کچھ عرصے سے علیل اور مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔عمران اسلم کے بھائی ریاض اسلم نے بتایا کہ مرحوم کا بیٹا اور بہن لندن سے آئیں گے۔
عمران اسلم کے بیٹے تیمور کے مطابق عمران اسلم کی نماز جنازہ کل بعد نمازعصر گھر کے احاطے میں ادا کی جائیگی۔
عمران اسلم 1952 میں مدراس میں پیدا ہوئے، انہوں نے70 کی دہائی میں لندن سے تعلیم حاصل کی۔عمران اسلم نے 60 سے زائد کامیاب ڈرامے لکھے جو سٹیج اور ٹی وی کی زینت بنے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سینئر صحافی عمران اسلم کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرماۓ اور ان کے اہل خانہ اور دیگرسوگواران کو صبر جمیل عطا فرماۓ۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ مرحوم عمران اسلم پاکستان کی صحافتی برادری میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ پاکستان میں میڈیا کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جاۓ گا۔