سپریم کورٹ ،معطل سی سی پی او لاہور بحال، وفاقی حکومت کو نوٹس


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے معطل کئے جانے والے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کردیا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں عدالت نے سروس ٹربیونل کے خصوصی بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیا۔

غلام محمود ڈوگر کے وکیل عابد زبیری نے کہا کہ غلام محمود ڈوگر کو فیڈرل سروس ٹربیونل نے بحال کیا تھا اور سروس ٹربیونل کے دو رکنی بینچ نے بحالی کا فیصلہ معطل کردیا، ٹربیونل کے دو رکنی بینچ کا فیصلہ دوسرا دو رکنی بینچ معطل نہیں کر سکتا جبکہ حکومت کی نظرثانی درخواست بھی ٹربیونل میں زیرالتوا تھی۔

وکیل کے دلائل پر جسٹس اعجاز نے سوال کیا کہ ٹربیونل کا ایک بینچ دوسرے بینچ کا فیصلہ کیسے معطل کر سکتا ہے؟ خصوصی بینچ نے ایک جانب کہا درخواست قبل ازوقت ہے اور ساتھ ہی حکم معطل کردیا۔

جسٹس مظاہر علی نقوی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کیسے کہہ دیا کہ آئینی درخواست قابل سماعت نہیں؟ جس پر وکیل نے کہا کہ صوبائی حکومت سی سی پی او لاہور کو ریلیز نہیں کرنا چاہ رہی۔بعد ازاں عدالت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔