اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، واہ کا دورہ کیا، پاکستان کی دفاعی ضروریات پورا کرنے میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، واہ کا دورہ کیا، صدر مملکت کو پاکستان کی دفاعی ضروریات پورا کرنے میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں کارکردگی اور پیداوار میں اضافے کیلئے تحقیق و ترقی اور جدت لانے کی ضرورت ہے، پاکستان کے دفاعی پیداوار کے شعبے میں ترقی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اپنا کر اور انسانی وسائل کی استعداد میں مسلسل اضافے سے اس صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ موجودہ منڈیوں میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے سپلائی چین شعبے کی کارکردگی میں اضافہ ضروری ہے، پاکستانی دفاعی مصنوعات اعلیٰ معیار کی حامل، موثر، مختلف حالات میں قابل اعتماد اور کم قیمت ہیں، صدر مملکت نے پاکستان کی دفاعی ضروریات پورا کرنے میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے کردار کو سراہا۔
صدر عارف علوی نے افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیز کی ضروریات پورا کرنے میں فیکٹریز کے کردار کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے آرڈیننس فیکٹریز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں انہیں پیداواری عمل پر بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت نے تیار کردہ اور ڈسپلے پر موجود مختلف دفاعی مصنوعات میں گہری دلچسپی لی۔