لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی سیاسی انتخابی قومی امور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران سرکار نے پارلیمنٹ، عدلیہ، میڈیا اور اقتصادی نظام کو بڑی تباہی سے دوچار کر دیا۔انہوں نے مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی سیاست قران و سنت کے احکامات کی پابند ہے۔
دین فطرت انسانوں اور انسانیت کی فلاح ، عظمت کی محافظ ہے۔ محمد رسولۖ نے حجة الوداع کے موقعہ پر تمام انسانوں کے حقوق کے تحفظ کا چارٹر دیا. وہی آج بھی انسانوں کے ہر مطالبہ اور حق کا حل ہے۔ پاکستان میں آئین کے انحراف کی وجہ انتشار، فساد ، فرقہ پرستی، گروہ بندی اور سیاست میں بے اصول ، نفرتوں پر مبنی دھڑے بندی بنا دی گئی۔
جماعت اسلامی اسلام حکمرانی ، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ملک کے ہر مرد و خواتین کے لیے تعلیم ، روزگار ، عزت و وقار اور تحفظ کی جدوجہد کر رہی ہے،عوام ساتھ دیں ۔ ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔لیاقت بلوچ نے منصورہ اور عوامی رابطہ دفتر میں وفود سے ملاقاتوں میں کہا کہ عمران خان بے فکر ، بے غم اور بے حس حکمران ہیں ۔ ملک کے بحرانوں اور خطرناک حالات کا تقاضا ہے کہ قومی وحدت ، قومی ترجیحات پر سب اکٹھے ہوں لیکن عمران سرکار نے پارلیمنٹ، عدلیہ، میڈیا اور اقتصادی نظام کو بڑی تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔ فوج اور انٹیلی جینس کے با وقار ادارے کو متنازع اور بے وقار کر دیا ہے ۔
عمران خان کا اسلوب حکمرانی سیاست ، جمہوریت اور آئینی پارلیمانی نظام کے لئے زہر قاتل بن رہا ہے۔ جام کمال کی طرح عمران خان کے لئے بھی محفوظ راستہ یہی ہے کہ اپنی ناکامی تسلیم کریں اور مستعفی ہوجائیں وگرنہ حالات پنجاب اور وفاق کے لئے بھی بلوچستان کی طرح تیار ہو چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دستور کے مطابق ہر تین سال کے بعد صوبائی امرا کا انتخابی عمل مکمل ہو گیا۔ جمہوری صاف شفاف عمل کی تکمیل ہو گئی۔ محمد حسین محنتی سندھ ، سینیٹر مشتاق احمد خان کے پی کے ، محمد جاوید قصوری وسطی پنجاب ، عبد الحق ہاشمی بلوچستان، محمد ظفر جنوبی پنجاب اور ڈاکٹر طارق سلیم شمالی پنجاب کے امیر منتخب ہوئے ہیں ۔ بلدیاتی ، قومی ، صوبائی عام انتخابات کے لیے صوبائی امرا کی قیادت میں بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ جماعت اسلامی کا ترازو نشان پوری قوم کے لیے اسلامی ، فلاحی اور عدل و انصاف کا نظام لائے گا۔ اسلام کا معاشی نظام ہی ہمارا ہدف ہے۔