ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، یاسمین راشد


لاہور (صباح نیوز)تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، معیشت کا بیڑا غرق ہو گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 2 دفعہ کے وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا ہے عمران خان کے کہنے پر اسمبلی تحلیل کردوں گا، سار ے پاکستان کی خواتین ہمارے ساتھ کھڑی ہوئی ہیں، اس طرح کے ظلم کے ضابطے ہم برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ مرد پولیس نے مجھے گھسیٹا، ہماری سینکڑوں عورتوں کے ساتھ برا رویہ اختیار کیا گیا، خواتین اگر پاکستان کی آزادی میں شمولیت نہ کرتیں تو شاید پاکستان آزاد نہ ہوتا۔25مئی کو عورتوں اور بچوں پر زیادتی کسی کے سامنے ڈھکی چھپی نہیں، فضل الرحمان کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے، اعظم سواتی کو پھر پکڑ کر لے گئے، اس سے بڑی فاشسٹ حکومت اور کوئی نہیں ہوسکتی، ویڈیو کے بعد وہ بزرگ انسان آنسوؤں سے روتا تھا۔

ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ جس طرح تم نے زیادتی کی وہ ریکارڈ پر موجود ہے، امپورٹڈ حکومت کو شرم اور حیا آنی چاہیے، ہماری طرف سے پٹیشن دائر ہورہی ہے جو ظلم سواتی اور ان کے خاندان پر ہوا اس پر ہم چاہتے ہیں سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے، خواتین کی چادر اور چاردیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔