آپ کی سیاست آپ کے ہاتھ، آنکھیں اور کانوں کی رخصتی کے ساتھ دفن ہو گئی، مریم نواز کی عمران خان پر تنقید

لندن(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں افسران کے ساتھ مل کر سازش کرتے وقت قائد اعظم کا فرمان یاد نہیں آیا؟۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا کہ آپ کی یادداشت 2018 تک نہیں جاتی؟ جب آپ نے چند افسران کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف سازش کی،عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا،ان افسران کو متنازع بنایا اور ان کے مستقبل تباہ کیے؟۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے فوج سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ قائد اعظم کا یہ فرمان اس وقت یاد نہیں آیا؟ آپ کی سیاست آپ کے ہاتھ، آنکھیں اور کانوں کی رخصتی کے ساتھ دفن ہو گئی۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ آپ کی یادداشت محدود ہے لیکن لوگوں کی نہیں۔ آپ اسٹیبلشمنٹ کے کچھ عناصر کے ساتھ ساز باز کرتے ہیں، وہ آپ کو پالتے اور کھلاتے ہیں۔ اب آپ ان سے غیر آئینی مداخلت کی بھیک مانگتے ہیں اور جب اس سے انکار کیا جاتا ہے تو آپ انہیں غدار قرار دیتے ہیں۔

مریم نواز نے مزید سوالیہ انداز میں پوچھا کہ کیا آپ اعتماد کی کمی سے متعلق بات کرنے کا حق رکھتے ہیں؟ آپ لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں؟۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نئی فوجی قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امید ہے نئی عسکری قیادت اعتماد کی کمی کے خاتمے کی کوشش کرے گی۔