اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے امریکہ میں پاکستانی عمارتوں کی شفاف طریقے سے فروخت کی منظوری دے دی ،کابینہ نے انسداد پولیو کے قومی مشن کی تکمیل کے لئے کامر کرنے والے پولیو ورکرز کوخراج تحسین پیش کیا ہے کابینہ نے واضح کیا ہے کہ سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کے بحران کا کوئی خطرہ نہیں گندم کی امدادی قیمت کے تعین کے لئے کمیٹی بنادی گئی ، جب کہ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا ذہن جمہوری نہیں ،وہ ناکام ،کرپٹ اور نااہل شخص ہے،،وفاقی حکومت گرانے کیلئے آنے والا اپنی صوبائی حکومتیں گرانے کا اعلان کرکے کر چلتا بنا۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں ہوا۔وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا استعفی قبول نہیں کیا، وفاقی وزرا سینیٹر اعظم نذیر تارڑاور سردار ایاز صادق کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے ۔کابینہ اجلاس میں کوئٹہ دھماکہ شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی،وزیراطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے انسداد پولیو کے قومی مشن کی تکمیل میں پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہا۔
انھوں نے کہا کہ سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کے بحران کا کوئی خطرہ نہیں ، موجود ہ سال کیلئے گند م کے وافر ذخائر موجود ہیں،گندم کے موجودہ ذخائر گزشتہ سال کی نسبت 2 فیصد زیادہ ہیں۔مریم اورنگزیب کے مطابق کابینہ نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور متعلقہ محکمے کی کارکردگی کی بھی تعریف کی گئی ہیں،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بہارہ کہو بائی پاس کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق عمل کیا گیا ہے ۔سردار ایاز صادق کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز کا موقف سنا۔کمیٹی میں تمام سٹیک ہولڈرز نے متفقہ سفارشات پر اتفاق کیا تمام سفارشات کی منظوری وفاقی کابینہ نے دے دی ، کابینہ سے منظور ہونے کے بعد یہ سفارشات اسلام آباد ہائیکورٹ بھیج دی جائیں گی۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے فیفا ورلڈ کپ حقو ق دستبرداری معاملے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں،فیفا حکام سے نشریاتی حقوق کی واپسی کے حوالے سے ابھی مذاکرات جاری ہیں،وزیراطلاعات نے بتایا کہ واشنگٹن میں دو عمارتیں پاکستانی سفارتخانے کے زیر استعمال ہیں، عمارتوں کے حوالے سے بروقت فیصلے نہ کرنے پر 8 لاکھ 19 ہزار ڈالر ٹیکس ادا کرنا پڑا۔امریکی ٹیکس حکام نے کہا ہے کہ اگر یہ عمارتیں نیلام نہ کی گئیں تو 13 لاکھ ٹیکس ادا کرنے پڑے گا۔عمارتوں کی پہلے بولی 45 لاکھ ڈالر آئی اب 65 لاکھ ڈالر آچکی ہے ،کابینہ نے شفاف طریقے سے ان عمارتوں کی فروخت کی منظوری دی ہے،
وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے قائد اعظم کے فرمان کو تو مت استعمال کریں، کیاقائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ عمران خان آئینی اداروں کو آئین شکنی پر مجبور کریں؟کیاقائد اعظم کا یہ فرمان تھا کہ خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ دو؟مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اپنی “حرکتوں کی قائد اعظم کے اعلی فرامین سے مطابقت کی کوشش نہ کریں۔عمران خان کو توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ سمیت تمام بدعنوانیوں کا حساب دینا پڑیگا۔عمران خان کا ذہن جمہوری نہیں ،وہ ناکام ،کرپٹ اور نااہل شخص ہے، عمران خان ملک میں عدم استحکام اور تقسیم چاہتے ہیں،تحریک انصاف نے شہدا لسبیلہ کے خلاف مذموم مہم چلائی،
انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گرانے کیلئے آنے والا اپنی صوبائی حکومتیں گرانے کا اعلان کرکے کر چلتا بنا۔حقیقی آزادی کے نام پر لگائے گئے ڈرامے کا ڈراپ سین پوری قوم نے دیکھا،مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ہر طرح کی سیاسی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی،عمرانی دور پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا ۔ملک میں مہنگائی کی وجہ گزشتہ 4 سال کی بدانتظامی ہے، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے