سود کی لعنت کے خاتمے کیلئے ہم سب کو متفقہ طور پر آواز بلند کرنی ہے،مفتی تقی عثمانی


کراچی(صباح نیوز)معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ ملک سے سود کی لعنت کے خاتمے کے لیے ہم سب کو متفقہ طور پر آواز بلند کرنی ہے۔

کراچی میں حرمت سود کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ مسلمانوں کے مختلف مکتبہ فکر میں سود سے متعلق کوئی اختلاف نہیں ہے، بلاسود بینکاری کو عملی طور پر لاگو کیا جائے، سود کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے متفقہ طور پر آواز بلند کرنی ہے، خوشی ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علما ء سیمینار میں شریک ہیں، شریعت کا نفاذ اہم ترین معاملہ ہے لیکن اس کے لیے مسلح جدوجہد کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد حکومت، متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرنا ہے کہ سود کے خاتمے کے لئے عملی کوشش کرنی چاہیے، نظریاتی اختلافات کا دائرہ علمی حلقوں تک محدود رہنا چاہیے، ایسا فورم وجود میں آنا چاہیے جس میں سلگتے ہوئے مسائل پر متفقہ موقف  پیش کرنا چاہیے۔

قبل ازیں قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاولہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ تاجر برادری سود کو حرام سمجھتی ہے لیکن پاکستان 40فیصد رقم سود دیتا ہے، بینکس میں اسلامی بینکاری سہولت کو مکمل طور پر لاگو کیا جائے۔