اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب پاکستان ٹیلی وژن کی 58ویں سالگرہ پر ناظرین کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی وی کی جو اصل روح ہے وہ یہ ہے کہ پاکستان کے معاشرے، عوام، بچوں، نوجوانوں کامحبت ، برداشت اورایک دوسرے کی زیادہ سے زیادہ بات سننے اور اسے برداشت کرنے کا بیانیہ ہونا چاہیئے ۔ پی ٹی وی کی ایک روایت رہی ہے کہ وہ ہمیشہ پاکستان کی عوام کو جو پیغام دیتے ہیں وہ بڑا مثبت ہوتا ہے، اسی کو دوبارہ سے بحال کریں اور آئیں اس دن ہم سب مل کر یہ عزم کریں کہ ہم پاکستان کو ایک بہتر معاشرہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ جبکہ مریم اورنگزیب نے ترکیہ کے شہر استنبول میں پی ٹی وی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
اس موقع پراپنے تہنیتی پیغام میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میں پاکستان ٹیلی وژن کو 58ویں سالگرہ پر مبارکبادیتی ہوں، یہ سالگرہ نہ صرف پی ٹی وی کی ہے بلکہ یہ پاکستان کی ہے، جس طرح پاکستان میں ایک بہتر معاشرہ اورریاست پاکستان کے بیانیہ کو پروان چڑھایاجانا چاہیئے اس میں پی ٹی وی نے اپنی کاوشوں سے جو کنٹریبیوشن کی ہے اس پر بھی میں مبارکبادینا چاہتی ہوں۔ وہ تمام لوگ جو 58سال سے پاکستان ٹیلی وژن کے ساتھ منسلک رہے ہیں ، تمام ورکنگ جرنلسٹس، اداکار، اداکارائیں، موسیقار، پروڈیوسرز، اینکرز ، جتنا تکینکی اسٹاف ہے، رپورٹرز اور پاکستان ٹیلی وژن کی مینجمنٹ کو بھی مبارکباد دینا چاہوں گی اور یہ ضرور کہوں گی کہ پاکستان ٹیلی وژن کا اپنا جو پروگرامنگ کا مسابقتی فائدہ ہے اس کو دوبارہ بحال کرنا چاہیئے، جو ایک خبر کی دوڑ میںیا سنسنی خیز خبروں کی دوڑ میں صحافت چلی گئی ہے اس سے گریز کرنا چاہیئے،جو مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کا فیکٹ چیک پروگرام پی ٹی وی نے شروع کیا ہے میں اس پر بھی مبارکباد دیتی ہوں، بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق پی ٹی وی کو ڈیجیٹل میڈیا پر منتقل کرنے پر بھی مبارکبادیتی ہوں۔