اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجی گئی اہم عسکری تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کردیے، جس کے بعد جنرل عاصم منیر ملک کے 17 ویں آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بن گئے ہیں۔
پاک فوج کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر 29 نومبر کو کمان سنبھالیں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس فیصلے کے بعد ملک میں استحکام آئے گا، یہ اچھا شگون ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام نیک شگون ہے، تمام ادارے آئین اور قانون کے مطابق چلنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا ہوئی تھی، سیاست دان اپنے طرز عمل کو آئین اور قانون کے مطابق لے آئیں۔اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کو نیا چیف آف آرمی اسٹاف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا اور صدرمملکت عارف علوی نے سمری میں دستخط کرکے اس کی منظوری دے دی۔صدر مملکت کی منظوری کے بعد سمری وزیر اعظم ہاوس کو موصول ہوئی جس کے بعد وزارت دفاع کی جانب سے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔
صدر مملکت نے دونوں فوجی افسران کو عہدے ملنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نامزد چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور نامزد چیف آف دی آرمی اسٹاف لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کی علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے آپ کی سربراہی میں مسلح افواج قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے احسن انداز میں نمٹیں گی اور ملک سے دہشت گردی کی عفریت کو مکمل ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد اسلام آباد پہنچے، صدر عارف علوی ،کچھ دیر ڈیفنس میں اپنی رہائشگاہ پر قیام کے بعد صدر عارف علوی عمران خان کی زمان پارک والی رہائشگاہ پہنچے۔ جہاں دونوں رہنمائوں کے درمیان آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ زیر غور آیا۔ صدر مملکت نے عمران خان سے ملاقات کے بعد ایوان صدر میں قانونی ماہرین کے ساتھ اجلاس کیا اور آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی بھیجی جانے والی سفارش کی منظوری دی۔پاک فوج کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر 29 نومبر کو کمان سنبھالیں گے۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کردی گئی ہے۔خیال رہے پاکستان کی عسکری تاریخ میں جنرل سید عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہوں گے، جو دوانٹیلی جنس ایجنسیوں آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کی سربراہی کرچکے ہیں۔وہ پہلے کوارٹر ماسٹر جنرل ہوں گے جنہیں آرمی چیف مقرر کیا گیا، یہی نہیں حافظ سید عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہوں گے جو پاکستان ملٹری اکیڈمی لانگ کورس سے نہیں بلکہ اوٹی ایس کمیشنڈ آفیسر ہوں گے۔