کسان پیکیج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت اس مشکل وقت میں اپنے کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے ہر طرح کی مدد فراہم کررہی ہے۔

وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی  زیر صدارت کسان پیکیج پر عملدرآمد پر جائزہ اجلاس  گزشتہ روز ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، طارق بشیر چیمہ، انجینئیر خرم دستگیر خان، مریم اورنگزیب، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام  نے شرکت کی۔اجلاس کو کسان پیکیج پر عملدرآمد پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کو کسانوں کو ٹیوب ویل پر دی جانے والی سبسڈی، سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے دی جانے والی سہولت و مدد  پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے  خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  کسان پیکیج پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کرونگا، حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو ٹیوب ویل پر سبسڈی دے رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اس مشکل وقت میں اپنے کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے ہر طرح کی مدد فراہم کررہی ہے، گندم اور یوریا کے 50 فیصد کارگو کیلئے گوادر پورٹ کو استعمال کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے گوادر بندرگاہ کا مکمل فعال ہونا کلیدی ہے،گوادر بندرگاہ کو فعال کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔