توشہ خانہ کیس ، عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست کی سماعت کیلئے لاہور ہائی کورٹ کاتین رکنی فل بینچ تشکیل


لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لئے تین رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا۔

بینچ کی سربراہی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمدامیر بھٹی خودکریں گے جبکہ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی شامل ہیں۔

این اے 95میانوالی کے ووٹر جعفرعباس نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نااہل کرنے کے فیصلہ کو لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔

درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے ، کسی کو نااہل کرنے کااختیار الیکشن کمیشن کو نہیں ہے، اسی بنیاد پر الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میںنااہل قراردینے کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔

بطور سنگل بینچ لاہور ہائی کورٹ نے اس درخواست پر سماعت کے لئے فل بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی، جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے اپنی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔