بھارت میں جوہری مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے واقعات پر تشویش ہے،منیراکرم

نیویارک(صباح نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ  بھارت میں جوہری مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے واقعات پر پاکستان کو تشویش ہے،، پڑوسی ملک سے جوہری مواد چوری اور فروخت کی سلامتی کونسل کو فوری طور پر تحقیقات کرنی چاہئیں  ۔

پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت میں جوہری مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے واقعات پر پاکستان کو تشویش ہے، پڑوسی ملک سے جوہری مواد چوری اور فروخت ہو رہا ہے، رواں سال 100 ملین ڈالر کا تابکاری مواد پکڑا جا چکا ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ انتہائی تابکار، زہریلا مادہ کالیفورنیم ایک گروپ کی غیرقانونی ملکیت میں پایا گیا، اسی ملک میں بھی  کالیفورنیم کی چوری کے 2021 میں 3 واقعات سامنے آئے۔ انہوںنے کہا کہ سلامتی کونسل ایسے واقعات روکنے کے لیے اقدامات کرے، پڑوسی ملک سے جوہری مواد چوری اور فروخت کی سلامتی کونسل کو فوری طور پر تحقیقات کرنی چاہئیں ۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی کے لئے جامع کھلا ورکنگ گروپ قائم کیا جائے،

پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت اپنے فرائض کامیابی سے انجام دیئے ، حساس سامان اور ٹیکنالوجیز کی منتقلی کے لئے مضبوط کمانڈ اور کنٹرول سسٹم قائم کیا۔ ۔ منیر اکرم نے کہاکہ پاکستان نے قرارداد 1540 کے نفاذ کے حوالے سے 6 مکمل رپورٹس جمع کروائیں، قومی رابطہ نقطہ مقرر کیا، رضاکارانہ قومی ایکشن پلان اپنایا، دیگر ممالک کو تکنیکی مدد فراہم کی اور علاقائی تعاون کو فروغ دیا، جس میں 1540 کے نفاذ پر ایک علاقائی سیمینار بھی شامل تھا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دوہری استعمال والی ٹیکنالوجیز کے پرامن استعمال کے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور برآمدات کنٹرول کے نظام کو جبر یا امتیاز کے آلے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔