قرآن و سنت ہی ہمارے اصل فلاح کی ضامن ہے، آمنہ عثمان

ملتان(صباح نیوز) میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے تحت ”ستارے جس کے گرد راہ ہوں وہ کارواں تو ہے” کے عنوان سے ایک روزہ میڈیا ورکشاپ جنوبی پنجاب ملتان میں منعقد کی گئی۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکریٹری اور میڈیا کوآرڈی نیٹر آمنہ عثمان نے کہا کہ قرآن و سنت ہی ہمارے اصل فلاح کی ضامن ہے لیکن یہ فلاح ہمیں اسی وقت مل سکتی ہے جب ہم اپنی فکری اوراخلاقی کمزوریوں پر قابو پالیں گے اور سچے دل سے اللہ کی طرف رجوع کریں گے۔
ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عالیہ منصور نے عصا نہ ہو تو کلیمی ہے بے کار بنیادکے عنوان پر ورکشاپ کراتے ہوئے میڈیا کے میدان میں اسکلز یا مہارتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بحیثیت میڈیا کارکن ہمیں ابلاغی مہارتوں میں مسلسل اضافہ کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔سیکریٹری اطلاعات صائمہ افتخار نے تمہارے عزم سے دنیا بدلتی جائے گی پر ورکشاپ کراتے ہوئے نشرو اشاعت کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں بات کی۔ شعبہ نشرواشاعت تحریک کا اسپوکن آرگن ہے اور جیسا چہرہ تحریک کا یہ شعبہ دکھاتا ہے وہی چہرہ لوگوں کو نظر آتا ہے۔نائب نگران میڈیا سیل شفا ہما نے آئی ٹی کے حوالے سے مختلف  ایپلی کیشنز کا استعمال سکھایا۔ بعد ازاں نگران آئی ٹی سعدیہ حمنہ نے رب مجھے قیمتی سمجھے میں سوشل میڈیا کے استعمال کرنے کے اصول و ضوابط بتائے۔تربیت گاہ میں نظریہ کے ابلاغ میں ادب کی اہمیت  اور افراد کی تربیت پر زور دیتے ہوئے حریم ادب کے پلیٹ فارم کو متعارف کروایا گیا ورکشاپ کے آخر میں ناظمہ صوبہ جنوبی پنجاب تسنیم سرور کا آڈیو پیغام شرکا کو سنوایا گیا جس میں انہوں نے تربیت گاہ سے جانے کے بعد سیکھے ہوئے جو عملی میدان میں تحریک کی تقویت کے لئے استعمال کرنے کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا۔  ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ قمر نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ورکشاپ میں نائب ناظمہ صوبہ جنوبی پنجاب و نگران تربیت گاہ شہناز مجید، سینئر رکن رفیعہ فاطمہ،ناظمہ ضلع ملتان شازیہ شیر افضل، نائب نگران تربیت گاہ سعدیہ ذیشان کے علاوہ صوبہ بھر سے نشرواشاعت،آئی ٹی اور حریم ادب کی ذمہ داران،کارکنان سمیت ضلعی شعبہ جات الخدمت،جے آئی یوتھ شعبہ اطفال اور اسلامی جمعیت طالبات کی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔