عالمی فٹ بال مقابلوں کے انعقاد پر قطری حکومت نے امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فٹ بال کے عالمی مقابلوں کے انعقاد پر قطر ی حکومت نے عالم اسلام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔قطری حکومت نے عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ ہم اعلیٰ روایات کے امین ، بحیثیت مسلمان ہمار ا ماضی شاندار اور مستقبل تابناک ہے۔ ہمارے پاس انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے پوری دنیا سے بہتر نظام موجود ہے۔ اسلامی تہذیب، اقدار کے محافظ اور اسلام کے بہترین نظام کے وارث ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ملک قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے تاریخی اور شاندار انعقاد پر مخالفین کو خاموشی لگ گئی ہے ۔ بارہ لاکھ سے زائد شائقین اس وقت قطر میں موجود ہیں۔  اللہ کے فصل و کرم سے جس ملک کو عالمی برادری تنہا کرنا چاہتی تھی ، وہی ملک آج مرکز نگاہ بن چکا ہے۔ قطری حکومت کی جانب سے دین اسلام کی تبلیغ کے لئے دنیا بھر سے مبلغین کو بلانا ،خوش آئند اقدام ہے، جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ اسلام آفاقی مذہب ہے اور میں اس بھائی چارے کی اہمیت پر بہت زور دیا گیا ہے۔ دنیا بھر سے سینکڑوں علمائے کرام اور سکالر ز اس وقت قطر میں تبلیغ کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ قطری حکومت نے ملک بھی کی مساجد کے موذن تبدیل کرکے دل کش آواز والے موذن مقرر کیے ہیں تاکہ اذان سننے والوں کے دلوں پر اچھے اثرات مرتب ہوں۔تمام مساجد کو اسلامی میوزیم میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ قطری حکام کی دین سے لگائو اور مثبت انداز میں تبلیغ کے لیے کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ ہمیں اپنی صفوں میں موجود مغربی تہذیب سے مرعوب افراد کے منفی پروپیگنڈے کا خاتمہ کرنا ہو گا، جو امریکہ اور یورپ کے عالمی معیشت کے اثرورسوخ سے ڈراتے اور خود ان کی غلامی میں رہنے کی باتیں کرتے ہیں۔