پروفیشنل اور شفاف اندازمیں متاثرین سیلاب کی امدادالخدمت کا فخرہے ،اقبال خان

راولپنڈی ( صباح نیوز)جماعت اسلامی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب اقبال خان نے کہاہے کہ عوام کی تعلیم ،صحت سمیت بنیادی ضروریات کوپور اکرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے9500ارب کاسالانہ وفاقی بجٹ عوام کوریلیف دینے کی بجائے ان کے بوجھ اورمسائل میں اضافہ کرتا ہے ایسے حالات میں الخدمت فاؤنڈیشن سمیت فلاحی تنظیموں کاکردارپسے ہوئے غریب طبقات کے لیے نعمت ہے ۔پروفیشنل اور شفاف اندازمیں متاثرین سیلاب کی امدادالخدمت کا فخرہے ،فلاحی تنظیموں کا بجٹ اور دائرہ کارمحدود،عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے قومی خزانہ جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کے سپرد کرے ،

ان خیالات کااظہارانھوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی ریجنل جنرل کونسل اور قبل ازیں سیاسی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جنرل کونسل میں ریجنل صدر رضوان احمد،سیکرٹری جنرل نمیرحسن مدنی ،ڈپٹی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت ضلعی صدورودیگرذمہ داران بھی شریک ہوئے ۔

اقبال خان نے کہاکہ  حالیہ سیلاب کی آزمائش کے موقع پر فنڈزاورامدادی سامان کے حوالے سے ہر طبقے نے بلاتفریق اعتماد کیاجس پرالخدمت کے ذمہ داران اور رضاکاروں نے بھی خدمت کا حق اداکیا پروفیشنل اورشفاف اندازمیں خدمت کے سفرمیں سرخروئی قابل تحسین ہے ۔فلاحی تنظیموں کا کرداران کے بجٹ اوردائرہ کار کے باعث محدودہوتا ہے ایسے میں عوام کی ذمہ داری ہے کہ جب ان کے پاس ووٹ کی پرچی کی صورت اختیارہوتووہ ایسے دیانتداراوراہل نمائندوں کوقومی اورصوبائی خزانے سپرد کریں جواپنی عیاشیوں اوربدعنوانیوں کی بجائے عوام کوریلیف دیں ۔۔