اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے چیف سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو مہم اور کورونا ویکسین سے متعلق اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایات کر دیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی انسداد پولیو کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انسداد پولیو ورکرز دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچتے ہیں یہ انسداد پولیو ورکرز قومی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی والے انسداد پولیو ورکرز کے لیے انعامات کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیر اعظم نے چیف سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ ورکرز کی ہراسگی یا ان پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری لیں۔ بچوں کی عمومی بچائو کے ٹیکوں اور انسداد پولیو مہم کو ساتھ ساتھ چلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نئی قسم اومی کرون کے پیش نظر کورونا کے خلاف ویکسی نیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے۔