عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کیس میں نامزد نوید مہر کو گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا


گوجرانوالہ(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کوگوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ عدالت نے  ملزم نوید مہر کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر مشترکہ تحققاتی کمیٹی(جے آئی ٹی)کے حوالے کردیا۔

گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رانا زاہد اقبال خاں نے مقدمے کی سماعت کی۔ وزیرآباد میں  سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کیس کا مرکزی ملزم نوید مہر کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔ اس موقع  پر جے آئی ٹی افسران سمیت ایڈشنل آئی جی احسان اللہ چوہان اور ایس پی ملک طارق بھی شامل موجود تھے۔پولیس نے عدالت میں ملزم کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پروسیکیوٹر طارق عنایت سرا نے دلائل دیے۔پروسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے عمران خان کے کنٹینر پر سرعام فائرنگ کی، ملزم کے حملے س سے عمران خان سمیت 14 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کو تفتیش اور حقائق جمع کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنا قانونی تقاضا ہے۔عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ملزم نوید کو 3 نومبر کو جائے وقوع سے گرفتار کیا گیا تھا اور واقعے کی ایف آئی آر 7 نومبر کو درج کی گئی تھی۔ملزم کو مقدمے کے اندراج کے دس روز بعد عدالت پیش کیا گیا اور عدالت نے ملزم کو تاخیر سے پیش کرنے پر تفتیشی افسران کی سرزنش کی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزم نوید کو 12 روز جسمانی ریمانڈ پر جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا اور ہدایت کی کہ ملزم نوید کو 29 نومبر کو دوبارہ انسداددہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔علاوہ ازیں عدالت نے ملزم کو تاخیر سے پیش کرنے پر تفتیشی افسران کے خلاف انکوائری کا حکم دیا اور جے آئی ٹی کے سربراہ کو تفتیشی افسر کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔