بیرونی آقاؤں کے بوٹ پالش کرنے والوں نے پاکستان سے کیا لینا، اسد عمر


کوٹ مومن(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد ہے کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سرگودھا میں کوٹ مومن انٹر چینج پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان 26 سال سے جدوجہد کررہے ہیں ہے، ہماری جدوجہد ہے کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں نا کہ امریکا یا لندن۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کو کہا گیا روس نہیں جانا تو کپتان نے کہا روس نے ہمارا کیا بگاڑا ہے، روس یوکرین کی جنگ سے ہمیں فرق نہیں پڑتا۔اسد عمر نے کہا کہ کپتان کہتا تھا امریکا کی مرضی ہو یانہ ہو میں اپنی عوام کے لئے جہاں سے سستا تیل ملے گا لوں گا، کسان کو ڈیزل مہنگا ملنے سے فرق پڑتا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دوسری طرف غلام ذہنیت کے لوگوں کو فکر ہے کہ واشنگٹن والے ہم سے خوش ہیں یا ناراض۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل تھی جو 95 ڈالر پر چلی گئی، اس وقت پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 144 روپے تھی جو اب 240 روپے ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کسان پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے، ہم نے فیصلہ کیا کہ ساڑھے پانچ روپے یونٹ پر کسان کو بجلی دیں گے، آج کسان کو 36روپے بجلی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی آقائوں کے بوٹ پالش کرنے والوں نے پاکستان سے کیا لینا، پاکستان میں کبھی آٹے کی کبھی چینی کی کمی ہوتی تھی گزشتہ سات ماہ میں بوٹ پالش کی کمی ہے۔