وقت آ گیا ہے کہ ملک میں جاری فرسودہ نظام کو پرامن جمہوری جدوجہد کے ساتھ شکست دی جائے۔لیاقت بلوچ


فیصل آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیرلیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ ملک میں جاری فرسودہ نظام کو پرامن جمہوری جدوجہد کے ساتھ شکست دی جائے۔ ملک دوراہے پر کھڑا ہے، قوم کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنا ہے۔اپنے سیاسی مسائل خود حل نہ کرنے کی صلاحیت سے عاری سیاسی قیادت نے پاکستان کو دنیا بھر میں رسوا کردیا ہے۔ دونوں دھڑے اسٹیبلشمنٹ کے رحم و کرم پر ہیں۔موجودہ بدترین سیاسی حالات کی مکمل ذمہ داری سیاسی قیادت پر ہوتی ہے۔حالات کے تناظر میں معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے۔ بے یقینی اور سیاسی عدم استحکام کی فضا کو ختم کرنا ہوگا۔

وہ فیصل آبادمیں قومی وصوبائی اسمبلی کے نامزد امیدواروں اور پارٹی راہنمائوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس سے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر فریدپراچہ،مرکزی صدر جے آئی یوتھ زبیرگوندل، پنجاب کے امیرجاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرمرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، پنجاب کے جنرل سیکرٹری نصراللہ گورایہ، ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی بحران کے خاتمہ کے لیے قومی سیاسی قیادت مجرمانہ انحرف کا کردار ادا کررہی ہے۔ حکو متی اتحاد اور پی ٹی آئی نے ہوسِ اقتدار میں آئینی، سیاسی، پارلیمانی اور اخلاقی اقدار کو تباہ کر دیا ہے۔ سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنا انتشار اور افراتفری کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جارحانہ سیاست کی گنجائش نہیں۔سیاسی انتہا پسندی، شدت انتقام اور توہین آمیز رویے مرحلہ وار تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ ہی بحرانوں کا حل ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہرسطح کے انتخابات میں حصہ لیں گے ،کارکنان دعوتی کام کوتیز کریں اورنئے یونٹ کے قیام کے لئے بھرپورکاوشیں کریں ۔ جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی بجائے آئین کی مکمل بالا دستی چاہتی ہے۔مینارِ پاکستان پر تاریخ ساز یوتھ کنونشن سے ملک گیر عوامی رابطہ اور انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔